اسلام آباد: مسلم لیگ (ق) کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد سے اقلیتی ونگ کے رہنماؤں ارشد گل اور بشارت جذبی نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، پارٹی امور، اقلیتی برادری کو درپیش مسائل اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ اقلیتی برادری ملک کی ترقی، استحکام اور قومی یکجہتی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے اور اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
اس موقع پر ارشد گل اور بشارت جذبی نے پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی ونگ پارٹی کو مزید متحرک اور مضبوط بنانے کے لیے بھرپور انداز میں کام جاری رکھے گا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس کے دوران ملکی اور جماعتی معاملات پر رابطے مزید جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
