اسلام آباد، 18 ستمبر 2026: وزیراعظم کے فیول ریلیف پروگرام کے تحت فیول پاس کی رجسٹریشن نے اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، جہاں پہلے تین دنوں میں 10 لاکھ سے زائد شہری اس فیول ریلیف اسکیم پر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔
پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی (پی ڈی اے) نے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کے تعاون سے وزیراعظم شہباز شریف کے اس وژن کو عملی شکل دینے میں معاونت فراہم کی جس کا مقصد عالمی سطح پر ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے دوران شہریوں کو ریلیف پہنچانا ہے۔ اس مقصد کے لیے ملک گیر فیول ریلیف اسکیم کے مؤثر انتظام اور نفاذ کے لیے ایک مکمل ڈیجیٹل حل تیار کیا گیا۔
پی ڈی اے کے مطابق پروگرام کو بڑے پیمانے پر چلانے کے لیے ضروری ڈیجیٹل انفراسٹرکچر فراہم کیا گیا ہے، جس میں شناختی کارڈ سے منسلک رجسٹریشن، اہلیت کی تصدیق، فیول ٹوکن کی تیاری، شریک فیول اسٹیشنز پر ٹوکن کے استعمال اور ریلیف اسکیم کے انتظام کے مراحل شامل ہیں۔
حکام کے مطابق تین روز میں 10 لاکھ سے زائد رجسٹریشنز اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر حکومتی پروگراموں کی تیز رفتار اور قومی سطح پر فراہمی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
یہ نظام اوگرا، پٹرولیم ڈویژن اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ قریبی اشتراک سے تیار کیا گیا، جبکہ صوبائی اور مقامی انتظامیہ بھی اس عمل کا حصہ رہی۔ اس نظام کے ذریعے مختلف حکومتی شعبوں کو ایک مشترکہ مقصد کے تحت یکجا کیا گیا ہے تاکہ اہل شہریوں تک ریلیف شفاف اور مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے۔
