اسلام آباد: جمہوریہ ازبکستان کی حکومت نے سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ کی جانب بغیر پائلٹ فضائی گاڑی کے ذریعے حملے کی کوشش کی سخت مذمت کی ہے۔
تاشقند میں وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ازبکستان مملکت سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ بیان کے مطابق ازبکستان کا مؤقف واضح ہے کہ مقدس مقامات، شہریوں اور شہری ڈھانچے کے لیے خطرہ بننے والی کوئی بھی کارروائی ناقابل قبول ہے۔
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی سختی سے پاسداری کریں اور ریاستوں کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کا احترام کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ازبکستان کشیدگی میں کمی، تنازع کے مزید پھیلاؤ کو روکنے اور خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
