اسلام آباد: 11 ستمبر، قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ وفات کے موقع پر رائزنگ پاکستان فورم کی قیادت نے اجلاس کے بعد جاری پیغام میں کہا ہے کہ قیامِ پاکستان سے اب تک قوم نظامِ پاکستان کی تلاش کے سفر میں ہے اور عوام ملک کے نظام میں اصلاحات کے خواہاں ہیں۔
فورم کے مطابق پاکستان کو اس وقت سیاسی، معاشی اور معاشرتی حوالوں سے جن چیلنجز کا سامنا ہے، ان حالات میں ضروری ہے کہ تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں کے جذبۂ ایثار اور قائداعظمؒ کی قیادت سے سبق حاصل کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ جس طرح تحریکِ پاکستان کے قائدین نے قیامِ پاکستان کی جدوجہد کے لیے خود کو وقف کیا، آج کے سیاسی و سماجی رہنماؤں، شخصیات اور اداروں کو بھی مل کر ملک کے نظام کی بہتری کے لیے کام کرنا ہوگا۔
رائزنگ پاکستان فورم نے کہا کہ اچھی گورننس کے فقدان نے ملک کو قحط الرجال کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ یومِ وفاتِ قائداعظمؒ کے موقع پر نہ صرف تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کیا جانا چاہیے بلکہ قائداعظمؒ کی قائدانہ صلاحیتوں، انتھک محنت اور عزم سے رہنمائی بھی حاصل کرنی چاہیے۔
اجلاس میں پریزیڈنٹ رائزنگ پاکستان رخشندہ تسنیم، سینئر وائس پریزیڈنٹ ڈاکٹر غلام علی، سیکرٹری اطلاعات مبشر احمد، ایڈیشنل سیکرٹری صائمہ بھٹی، چیئرمین پیس کونسل پاکستان خالد بھٹی، سیاسی و سماجی رہنما سردار عمران یسین، چوہدری جاوید اقبال اور راولپنڈی سے سماجی رہنما شریک ہوئے۔
شرکا نے پاکستان کو درپیش چیلنجز، بین الاقوامی اور قومی حالات کے تناظر میں مختلف پہلوؤں پر غور و خوض کیا اور ملک کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے گڈ گورننس سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
