شزہ فاطمہ سے گیٹس فاؤنڈیشن وفد کی ملاقات، ڈیجیٹل تعاون بڑھانے پر اتفاق

newsdesk
2 Min Read
اسلام آباد میں وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ سے گیٹس فاؤنڈیشن کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی۔

اسلام آباد، 10 ستمبر 2026: گیٹس فاؤنڈیشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن محترمہ شزہ فاطمہ خواجہ سے ملاقات کی۔

وفد کی قیادت گیٹس فاؤنڈیشن کی گلوبل پالیسی اینڈ ایڈووکیسی ڈویژن کی قائم مقام صدر ڈاکٹر کلپنا کوچہر اور جینڈر ایکویلٹی ڈویژن کی صدر ڈاکٹر انیتا زیدی نے کی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے حکومت کے اہم منصوبے ’’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘‘ کے ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایجنڈا شمولیتی ڈیجیٹل ترقی کے فروغ، عوامی خدمات کی فراہمی کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مضبوط ڈیجیٹل معیشت کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل طور پر بااختیار پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داریاں نہایت اہم ہیں، خاص طور پر گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کو اس عمل میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے حالیہ برسوں میں پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا، خصوصاً وزارت آئی ٹی کی اصلاحات اور اقدامات کی تعریف کی۔

ملاقات میں دونوں جانب سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیجیٹل معیشت، ڈیٹا سسٹمز، ہیلتھ ٹیکنالوجی، مالیاتی شمولیت، صلاحیت سازی اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

Share This Article