اسلام آباد: قومی ادارہ صحت اسلام آباد کے آڈیٹوریم میں آج ایک عظیم الشان مذہبی تقریب محفلِ میلادِ مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت تقریب میں ممتاز علمائے کرام، نامور ثناء خوانِ مصطفیٰ، ادارے کی انتظامیہ، افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عقیدت و احترام کا اظہار کیا۔ یہ تقریب قومی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر محمد سلمان کی سرپرستی اور رہنمائی میں میلاد کمیٹی کے منتظمین کے تعاون سے منعقد کی گئی۔ خصوصی مقرر حضرت علامہ مولانا حافظ محمد اکبر صاحب نے اپنے خطاب میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں رواداری، امن، شفقت اور اخلاقی بلندی کی دائمی تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ تقریب کے اختتام پر جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر مظہر نثار اور مرکزی منتظم چیف نیوٹریشن ڈویژن ڈاکٹر تنویر ابراہیم نے مشترکہ طور پر تمام معزز مہمانوں، علمائے کرام، ثناء خوانوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور اتحاد و یگانگت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
قومی ادارہ صحت اسلام آباد میں محفلِ میلادِ مصطفیٰؐ کا روح پرور انعقاد
