اسلام آباد: اسلام آباد بار کونسل نے جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرولیم لیوی کے خلاف 3 ستمبر کو اعلان کردہ ملک گیر ہڑتال کی حمایت کر دی ہے۔
وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل چوہدری آصف عرفان ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی ملک گیر ہڑتال عوامی مفاد میں ہے اور اسلام آباد بار کونسل اس کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسز اور پٹرولیم لیوی کی وجہ سے مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث عام آدمی کے لیے زندگی گزارنا دشوار ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے فوری ریلیف فراہم کرے۔
چوہدری آصف عرفان نے مزید کہا کہ بجلی کے مہنگے بلوں اور آئی پی پیز سے متعلق معاملات نے عوام کے ساتھ ساتھ کاروباری طبقے کو بھی شدید مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے۔ حکومت کو آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی کرنی چاہیے اور عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔
وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل نے کہا کہ 3 ستمبر کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے تاجر، وکلا اور دیگر طبقات کو عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی آواز بلند کرنی چاہیے۔
