بارانی زرعی یونیورسٹی کا آبی وسائل پر سیراب واٹر سسٹمز سے معاہدہ

newsdesk
2 Min Read
بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی اور سیراب واٹر سسٹمز کے درمیان آبی وسائل کے انتظام اور تحقیق کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

راولپنڈی (پریس ریلیز) بیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی اور سیراب واٹر سسٹمز کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔ معاہدے کا مقصد باہمی دلچسپی کے شعبوں، خاص طور پر آبی وسائل کے انتظام، زیرِ زمین پانی، ٹیکنالوجی کی ترقی، تحقیق اور جدت میں مشترکہ پیش رفت کو فروغ دینا ہے۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط یونیورسٹی میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیے گئے، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار، ڈینز اور ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے پانی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ آبی وسائل اور ان کے انتظام سے متعلق موجودہ اور ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت پانی سے متعلق پروگرامز، تحقیق اور جدید تکنیکی حل کے لیے مشترکہ اقدامات کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگی۔

سیراب واٹر سسٹمز کے بانی عدنان فیصل نے تعاون اور معاونت پر وائس چانسلر اور یونیورسٹی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس مفاہمتی یادداشت کو دونوں اداروں کے درمیان مفید اور نتیجہ خیز شراکت داری کے قیام کی جانب اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ دونوں فریق تحقیق، جدت اور ترقی کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

Share This Article