نورپور شاہاں میں بری امام سرکارؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات مکمل

newsdesk
4 Min Read
نورپور شاہاں میں حضرت بری امام سرکارؒ کے سالانہ عرس کی اختتامی تقریب میں عقیدت مندوں اور اہم شخصیات کی شرکت۔

اسلام آباد (سٹی رپورٹر): برصغیر کے معروف روحانی بزرگ حضرت شاہ عبداللطیف المعروف بری امام سرکارؒ کے تین روزہ سالانہ عرس مبارک کی تقریبات نورپور شاہاں اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئیں۔ اختتامی تقریب نہایت عقیدت و احترام اور روحانی ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں سیاسی، سماجی، مذہبی اور کاروباری حلقوں کی نمایاں شخصیات کے علاوہ ملک بھر سے آئے ہوئے زائرین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تقریب کے دوران دربار شریف میں روحانی و مذہبی عقیدت کا خاص ماحول دیکھنے میں آیا۔ شرکا نے حضرت بری امام سرکارؒ کی دینی و روحانی خدمات کو یاد کیا اور ان کی تعلیمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اختتامی تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، خادم دربار بری امام سرکار و بابا کلو سرکار راجہ سرفراز اکرم، کیپٹن (ر) محمد صفدر، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، انجم عقیل خان، دانیال چوہدری، سید ضیاء اللہ شاہ، سید ذیشان نقوی، راجہ حنیف ایڈووکیٹ، چوہدری قمر، راجہ سہیل، اللہ بخش چوہدری، عبدالمجید، وسیم عباس، زمرد خان، قیصر جاوید، سہیل بھٹی، عبداللہ گل، عامر شہزاد خان، فیصل خان، راجہ جاوید اشرف، چوہدری واجد ایوب، ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ، راجہ امتیاز جنجوعہ، ڈاکٹر راجہ آصف جنجوعہ، ملک افتخار احمد، شفیق الدین، قاری عبید الرحمن ستی، عمر فاروق قدوسی، سید بشیر شاہ، راجہ شہزاد جنجوعہ، ڈاکٹر حیدر جنجوعہ، عبداللہ جنجوعہ، راجہ محمد ایاز، احسان الحق میاں، کرنل انعام ربانی اور جنرل (ر) عبدالجنجوعہ (ستارہ امتیاز) سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

حضرت بری امام سرکارؒ کا سالانہ عرس مبارک 15 اگست سے 17 اگست تک جاری رہا۔ تین روزہ تقریبات میں ملک کے مختلف علاقوں سے زائرین کی بڑی تعداد نورپور شاہاں پہنچی۔ عرس کے دوران دربار اور ملحقہ علاقوں میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تاکہ زائرین کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔

انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے زائرین کے لیے لنگر، پارکنگ، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے جامع انتظامات کیے۔ ان انتظامات کا مقصد یہ تھا کہ ملک بھر سے آنے والے عقیدت مندوں کو کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام اور دیگر معزز شخصیات نے حضرت بری امام سرکارؒ کی تعلیمات، روحانی خدمات اور انسانیت سے محبت کے پیغام کو اجاگر کیا۔ مقررین نے کہا کہ اولیائے کرام کی تعلیمات معاشرے میں امن، رواداری، محبت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ان اقدار کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنایا جائے۔

تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، پاکستان کے استحکام، ترقی و خوشحالی، امت مسلمہ کے اتحاد، باہمی بھائی چارے اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکا نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور سالانہ عرس کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کی کوششوں کو سراہا۔

Share This Article