اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز میں جاری جماعت اسلامی کے دھرنے عوامی موبلائزیشن کا اہم مرکز بنتے جا رہے ہیں اور ان دھرنوں کے نتیجے میں عوامی بیداری کی نئی لہر پیدا ہوئی ہے۔
جماعت اسلامی اسلام آباد کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد اپنے حقوق کی جدوجہد میں شامل ہو رہی ہے، جو اس امر کا اظہار ہے کہ لوگ مہنگائی اور معاشی بوجھ سے نجات چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، پٹرولیم لیوی کا خاتمہ، ظالمانہ ٹیکسز میں کمی اور عوام کو حقیقی معاشی ریلیف فراہم کرنا جماعت اسلامی کے بنیادی مطالبات ہیں۔ ان کے بقول ان مطالبات کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، جبکہ دھرنوں میں عوام کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور شرکت واضح کرتی ہے کہ عوام مزید مہنگائی برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔
امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے صرف احتجاج نہیں بلکہ عوام کو منظم اور متحرک کرنے کی تحریک ہیں۔ ملک بھر میں جاری عوامی موبلائزیشن، ان شاء اللہ، بڑی تبدیلی اور ایک نئے انقلاب کی تیاری کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔
نصراللہ رندھاوا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کی آواز سنے اور جماعت اسلامی کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا ہر صورت جاری رہے گا اور عوام اپنے مطالبات منوا کر ہی واپس جائیں گے۔
یہ بیان 18 اگست 2026 کو شعبہ نشرواشاعت جماعت اسلامی اسلام آباد کی جانب سے جاری کیا گیا۔
