جماعت اسلامی کے تحت یوم آزادی کی تقریبات، بچوں اور نوجوانوں کی بھرپور شرکت

newsdesk
2 Min Read
جماعت اسلامی اسلام آباد کے تحت یوم آزادی کے سلسلے میں مختلف علاقوں میں تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔

اسلام آباد: یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں جماعت اسلامی اسلام آباد کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بچوں اور نوجوانوں کے لیے تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں شرکاء نے بھرپور انداز میں حصہ لیا۔

شعبہ نشر و اشاعت جماعت اسلامی اسلام آباد کے مطابق سہالہ، لہتراڑ روڈ، غوری ٹاؤن، آئی نائن، جی ٹین، جی فورٹین، آئی فورٹین، جھنگی سیداں اور دیگر علاقوں میں آزادی کی مناسبت سے ریلیوں، ملی نغموں، تقاریر، کھیلوں کے مقابلوں، شجرکاری اور دیگر قومی و تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔

تقریبات سے نائب امراء جماعت اسلامی اسلام آباد ملک عبدالعزیز اور ڈاکٹر طاہر فاروق جبکہ ناظم زون طاہر خان نے خطاب کیا۔

نائب امیر جماعت اسلامی اسلام آباد ڈاکٹر طاہر فاروق نے جی سیکٹر اور ایف سیکٹر میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے آزادی کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بقا، سلامتی اور ترقی نظریۂ پاکستان سے وابستہ ہے، نئی نسل کو قیام پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سہالہ میں پاکستان زندہ باد ریلی سے خطاب میں نائب امیر جماعت اسلامی ملک عبدالعزیز نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائداعظمؒ کا پاکستان بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، اس کی قدر اور حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ناظم زون طاہر خان نے آئی سیکٹر کی مختلف سرگرمیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان آگے بڑھیں اور پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں، تعلیم، کردار اور صلاحیتوں کے ذریعے نوجوان پاکستان کو ترقی کی نئی منزلوں تک لے جا سکتے ہیں۔

Share This Article