انسانی حقوق اور جی ایس پی پلس پر پاکستان، یورپی یونین بات چیت

newsdesk
4 Min Read
وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے وزارتِ قانون، انصاف و انسانی حقوق میں ملاقات کی۔

اسلام آباد، 12 اگست 2026ء: وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے وفد کے ہمراہ بدھ کو وزارتِ قانون، انصاف و انسانی حقوق میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات، جی ایس پی پلس، انسانی حقوق کی ترجیحات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیر مملکت برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق بیرسٹر عقیل ملک اور سیکریٹری وزارتِ انسانی حقوق عبد الخالق شیخ بھی موجود تھے۔

بات چیت کے دوران جی ایس پی پلس سے متعلق انسانی حقوق کی ترجیحات، قومی ایکشن پلان برائے انسانی حقوق 2026 پر عملدرآمد، انسانی حقوق کے اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور ان کی مؤثر فعالیت کو بہتر بنانے کے اقدامات زیر غور آئے۔

وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یورپی یونین کے وفد کو بچوں کے حقوق اور ان کے تحفظ کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انسانی حقوق کے معاہدوں سے متعلق رپورٹنگ، فالو اپ میکنزم، جیل اصلاحات اور دیگر متعلقہ معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔

یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے انسانی حقوق سے متعلق وعدوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں پاکستان کی پیش رفت کو سراہا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ پاکستان کے لیے ایک اہم موقع ہے، جسے پاکستان انسانی حقوق، جمہوری اقدار اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے عزم پر قائم ہے۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ چائلڈ لیبر، چائلڈ میرج اور اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قومی کمیشن برائے اقلیتیں بھی جلد فعال کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بچوں پر تشدد، ریپ کیسز اور صنفی امتیاز کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں مؤثر قانونی و ادارہ جاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق انسانی حقوق کے تحفظ میں جہاں کہیں کمزوریاں موجود ہیں، انہیں دور کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں اور قانونی و ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل آگے بڑھ رہا ہے۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے یورپی یونین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

وفاقی وزیر نے انسانی حقوق سے متعلق جی ایس پی پلس ترجیحات پر مزید مؤثر پیش رفت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں جانب سے انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے پاکستان اور یورپی یونین کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا اور باہمی تعاون و روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت سے اتفاق کیا گیا۔

Share This Article