بچوں کو تمباکو اور نکوٹین مصنوعات سے بچانے کے لیے پی سی سی آر اور اسپارک کا مشترکہ لائحہ عمل

newsdesk
3 Min Read
پی سی سی آر اور اسپارک کے اجلاس میں بچوں کے تحفظ کے لیے تمباکو کنٹرول اقدامات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد، 12 اگست 2026ء: پارلیمانی کاکس برائے حقوقِ اطفال (پی سی سی آر)، قومی اسمبلی پاکستان، اور سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف دی رائٹس آف دی چائلڈ (اسپارک) کے درمیان پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بچوں کے تحفظ کے لیے تمباکو کنٹرول اقدامات کو مزید مضبوط بنانے پر غور کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات، رکن قومی اسمبلی اور پی سی سی آر کے وفاقی کوآرڈینیٹر دانیال چوہدری نے کی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو تمباکو اور ابھرتی ہوئی نکوٹین مصنوعات، خاص طور پر ویپنگ اور نکوٹین پاؤچز، سے محفوظ رکھنے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بچوں، والدین اور اساتذہ میں آگاہی بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں صحت سے متعلق انتباہات کو مؤثر بنانے، تعلیمی اداروں کے اطراف تمباکو مصنوعات کی فروخت اور نمائش کو ضابطے میں لانے، تمباکو پر ٹیکس میں اضافے، تمباکو کی اسمگلنگ سے نمٹنے اور موجودہ قوانین و ضوابط کے نفاذ کو بہتر بنانے جیسے امور زیر بحث آئے۔ شرکا نے تمباکو کے استعمال سے لاحق صحت کے خطرات کے بارے میں بچوں پر مرکوز آگاہی مہمات اور زیادہ مضبوط عوامی پیغام رسانی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پی سی سی آر اور اسپارک آگاہی اور پارلیمانی رابطہ کاری کے اقدامات میں باہمی تعاون کریں گے۔ اسپارک اراکینِ پارلیمنٹ کے ساتھ متعلقہ آگاہی مواد اور تصویری صحت انتباہات سے متعلق علاقائی تقابلی تجزیہ شیئر کرے گا۔ تمباکو کنٹرول اقدامات کی بہتر تفہیم کے لیے پارلیمنٹیرینز کے لیے ایک خصوصی بریفنگ سیشن بھی منعقد کیا جائے گا۔

شرکا نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ بچوں کے لیے آگاہی مواد کے حوالے سے پیمرا کے ساتھ رابطے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ تمباکو کنٹرول اقدامات کے مؤثر نفاذ کے لیے متعلقہ ضلعی حکام کے ساتھ بھی رابطہ کاری کی جائے گی۔

اجلاس میں پی سی سی آر اور اسپارک نے تمباکو کنٹرول کوششوں کو مضبوط بنانے اور بچوں کو تمباکو و نکوٹین کی لت سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Share This Article