راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ راولپنڈی کے ڈویژنل صدر نعیم پاشا نے کہا ہے کہ 14 اگست پاکستان کی آزادی، اکابرین کی قربانیوں اور قومی یکجہتی کی علامت ہے۔ وطن عزیز کا تحفظ اور اس کی ترقی، خوشحالی اور استحکام ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں نعیم پاشا نے کہا کہ مسلم لیگ نے تحریک پاکستان میں تاریخی کردار ادا کیا اور قومی تعمیر و ترقی کے سفر میں بھی اپنا کردار جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے انفراسٹرکچر، سڑکوں، موٹرویز، توانائی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بڑے منصوبے مکمل کیے۔
نعیم پاشا نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان معاہدہ مکہ کو مسلم ممالک کے باہمی تعاون، اجتماعی دفاع، اتحاد اور سلامتی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی، رابطوں کی بہتری، آمدورفت میں سہولت اور خطے میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد دے گا۔
نعیم پاشا نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی اور عوامی فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انفراسٹرکچر، سڑکوں، صحت، تعلیم، نوجوانوں کی ترقی اور شہری سہولتوں کے شعبوں میں جاری اقدامات پنجاب کی معاشی اور سماجی ترقی کو تقویت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 14 اگست صرف خوشی منانے کا دن نہیں بلکہ پاکستان سے عہدِ وفا کی تجدید کا موقع ہے۔ اتحاد، ایمان اور نظم کے اصولوں کو مشعلِ راہ بنانا ہوگا، جبکہ نوجوانوں کو قومی ترقی میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کی ترغیب دینی چاہیے۔
نعیم پاشا نے قوم خصوصاً نوجوانوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور پاکستان کے امن، خوشحالی، استحکام اور مسلسل ترقی کے لیے دعا کی۔
پاکستان زندہ باد!
