آئی بی سی سی میں کسٹمر کیئر اور مؤثر ابلاغی مہارتوں پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

newsdesk
3 Min Read
آئی بی سی سی کی کسٹمر کیئر اور مؤثر ابلاغ کی ایک روزہ تربیت

اسلام آباد: انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) کے زیر اہتمام وفاقی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (FBISE) اسلام آباد کے آڈیٹوریم میں "کسٹمر کیئر اور مؤثر ابلاغی مہارتوں” کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

ورکشاپ کا مقصد درخواست گزاروں سے براہِ راست رابطے میں رہنے والے آئی بی سی سی کے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، کسٹمر کیئر کے معیار کو بہتر بنانا اور مؤثر ابلاغی مہارتوں کو فروغ دینا تھا۔ تربیتی پروگرام میں آئی بی سی سی ہیڈکوارٹر، علاقائی دفاتر لاہور اور پشاور کے افسران اور عملے نے شرکت کی، جس سے انہیں باہمی سیکھنے، تعاون اور پیشہ ورانہ ترقی کا موقع ملا۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت (MoFE&PT) کی ڈپٹی سیکرٹری عمارہ نسیم تھیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مؤثر ابلاغ اور معیاری کسٹمر کیئر عوامی خدمت کے اداروں کی کامیابی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والا عملہ کسی بھی ادارے کا عوامی تاثر قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، لہٰذا پیشہ ورانہ رویہ، خوش اخلاقی اور واضح اندازِ گفتگو عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے آئی بی سی سی کی جانب سے اس اہم تربیتی پروگرام کے انعقاد کو سراہا۔

تربیتی پروگرام کا اہتمام آئی بی سی سی کی ڈپٹی ڈائریکٹر (کیپیسٹی بلڈنگ اینڈ انٹرنیشنل لنکیجز) سعدیہ ناز نے کیا، جبکہ تربیتی سیشنز ایچ او گروپ کی ہیڈ آف ایم آئی پی ڈی اور ماسٹر ٹرینر سدرہ خرم نے منعقد کیے۔ انہوں نے شرکاء کو کسٹمر کیئر، مؤثر ابلاغ اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل سے متعلق عملی اور انٹرایکٹو تربیت فراہم کی۔

ورکشاپ کے دوران شرکاء نے گروپ مباحثوں، رول پلے سرگرمیوں اور عملی مشقوں میں بھرپور حصہ لیا، جس سے انہیں روزمرہ دفتری امور میں بہتر ابلاغ اور عوامی خدمت کے جدید تقاضوں سے آگاہی حاصل ہوئی۔

تربیتی پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں آئی بی سی سی کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ فنانس محمد منیب جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر سعدیہ ناز، ماسٹر ٹرینر سدرہ خرم سمیت آئی بی سی سی ہیڈکوارٹر اور علاقائی دفاتر لاہور و پشاور کے افسران اور عملے نے شرکت کی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے