گروپ کیپٹن عاصم طارق اسلام آباد میں جاں بحق

newsdesk
3 Min Read
اسلام آباد کے شاہین چوک میں فائرنگ سے گروپ کیپٹن عاصم طارق جاں بحق ہوگئے

اسلام آباد کے علاقے شاہین چوک میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق جاں بحق ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک شخص مبینہ طور پر ایک لڑکی کو زبردستی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کررہا تھا، جس پر گروپ کیپٹن عاصم طارق نے انسانی ہمدردی کے تحت مداخلت کی۔

عینی شاہدین کے مطابق اس دوران صورتحال بگڑ گئی اور ملزم نے طیش میں آکر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گروپ کیپٹن عاصم طارق موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ واقعہ اتوار کی سہہ پہر اس وقت پیش آیا جب علاقے میں شہریوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری تھی۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ واقعے کے فوراً بعد مارگلہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے۔ پولیس نے گولیوں کے خول، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر اہم شواہد حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس نے لڑکی کو تحویل میں لے کر ابتدائی پوچھ گچھ بھی شروع کردی ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ ملزم اور لڑکی کے درمیان کیا تعلق تھا اور واقعے کی اصل نوعیت کیا تھی۔ تفتیشی حکام اس پہلو کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا یہ معاملہ اغوا کی کوشش، ذاتی دشمنی یا کسی گھریلو تنازع سے متعلق تھا۔

اسلام آباد پولیس نے واقعے کی تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے جبکہ شہر بھر میں ناکہ بندی کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کی شناخت کے حوالے سے اہم پیش رفت حاصل ہوچکی ہے اور جلد اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ شہریوں نے ان کی بہادری اور ایک کمزور شہری کی مدد کرنے کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا اور ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم طارق پاک فضائیہ کے ایک ذمہ دار اور پیشہ ور افسر تھے جنہوں نے اس واقعے میں انسانیت اور فرض شناسی کی مثال قائم کی۔ ان کی قربانی نے ایک بار پھر شہریوں کے تحفظ اور عوامی مقامات پر سیکیورٹی کے سوالات کو سامنے لا کھڑا کیا ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے