پاکستان میں ٹارگٹ بال کی منظوری پر اہم ملاقات

newsdesk
3 Min Read
پاکستان ٹارگٹ بال فیڈریشن نے پاکستان اسپورٹس بورڈ سے وابستگی اور ملک میں ٹارگٹ بال کے فروغ پر بات چیت کی۔

پاکستان ٹارگٹ بال فیڈریشن کے وفد کی پاکستان اسپورٹس بورڈ حکام سے ملاقات، الحاق اور کھیل کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: پاکستان ٹارگٹ بال فیڈریشن (PTBF) کے ایک وفد نے پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقات کی، جس میں فیڈریشن کے الحاق (Affiliation) اور پاکستان میں ٹارگٹ بال کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وفد نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاور حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (فیسلٹیز) شاہد اسلام اور ڈائریکٹر و کوآرڈینیٹر شبانہ خٹک سے ملاقات کی۔

پاکستان ٹارگٹ بال فیڈریشن کی نمائندگی صدر عارف محمود اور سیکریٹری جنرل محمد نظام الحق نے کی، جبکہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے صوبائی نمائندے عبدالحفیظ قریشی، ہارون خان اور اعجاز اللہ خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران فیڈریشن کے وفد نے پاکستان بھر میں ٹارگٹ بال کھیل کی ترقی، تنظیمی ڈھانچے اور مختلف سرگرمیوں کے حوالے سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے حکام کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد نے کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ فیڈریشن ملک بھر میں مقابلوں کے انعقاد، نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور نچلی سطح پر کھلاڑیوں کی شمولیت بڑھانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

وفد نے پاکستان اسپورٹس بورڈ سے درخواست کی کہ پاکستان ٹارگٹ بال فیڈریشن کے الحاق کے عمل کو سہولت فراہم کی جائے۔ وفد کا مؤقف تھا کہ سرکاری سطح پر الحاق اور شناخت ملنے سے اس کھیل کو ملک بھر میں فروغ دینے، کھلاڑیوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے اور قومی سطح پر اس کی ترقی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کے حکام نے کھیلوں کے فروغ کے لیے فیڈریشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ الحاق سے متعلق تمام ضروری امور اور تقاضوں کا جائزہ پی ایس بی کے قواعد و ضوابط کے مطابق لیا جائے گا۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں جانب سے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کو صحت مند اور مسابقتی سرگرمیوں کے مزید مواقع فراہم کرنے اور ٹارگٹ بال کو قومی سطح پر ترقی دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ دونوں فریقین نے امید ظاہر کی کہ ٹارگٹ بال مستقبل میں پاکستان کے کھیلوں کے منظرنامے میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کرے گا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے