ڈاکٹر عائشہ ہمایوں عالمی ٹاپ 2 فیصد سائنسدانوں میں شامل، ایچ ای سی کا اعزاز

newsdesk
3 Min Read
پروفیسر عائشہ ہمایوں کو ہائر ایجوکیشن کمیشن نے عالمی ٹاپ دو فیصد سائنسدانوں میں شمولیت پر سرٹیفکیٹ سے نوازا، طبی تحقیق میں ان کا کردار سراہا گیا۔

لاہور: شیخ زاید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (SZPGMI) لاہور کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے کہ ادارے کی چیئرپرسن اور ڈین پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں کو عالمی سطح پر ٹاپ 2 فیصد سائنسدانوں کی فہرست میں شامل ہونے پر ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) پاکستان کی جانب سے باقاعدہ طور پر اعزاز سے نوازا گیا۔

یہ اعزاز لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کے سنٹر آف ایکسی لینس اِن مالیکیولر بائیولوجی (CEMB) میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران دیا گیا، جس کا اہتمام ایچ ای سی پاکستان نے ملک کے ممتاز سائنسدانوں اور محققین کی علمی و تحقیقی خدمات کے اعتراف میں کیا تھا۔

تقریب کے دوران پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں کو طبی تعلیم، تحقیق اور شعبہ صحت میں غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں تعریفی سند پیش کی گئی۔ عالمی ٹاپ 2 فیصد سائنسدانوں کی فہرست میں ان کی شمولیت سائنسی تحقیق، علمی قیادت اور تدریسی میدان میں ان کی نمایاں خدمات کا بین الاقوامی اعتراف ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں نے کہا کہ طبی تحقیق کا بنیادی مقصد سائنسی علم کو مریضوں کی بہتر نگہداشت اور ان کی زندگی کے معیار میں بہتری کے لیے استعمال کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق صرف علمی جرائد میں اشاعت تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کے نتائج براہِ راست مریضوں اور صحت کے نظام کو فائدہ پہنچانے والے ہونے چاہئیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معیاری تحقیق کے ذریعے صحت کے شعبے میں پائیدار اور مؤثر بہتری لائی جا سکتی ہے، جو عوامی فلاح و بہبود کے لیے ناگزیر ہے۔

شیخ زاید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں کی بصیرت افروز قیادت، علمی کامیابیاں اور تحقیق سے وابستگی نوجوان ڈاکٹروں، محققین اور طبی ماہرین کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

ادارے کی انتظامیہ، فیکلٹی اور عملے نے پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں کو اس نمایاں بین الاقوامی اعزاز پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی علمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ خدمات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے