برازیلیا میں پاکستانی سفارتخانے کے زیرِ اہتمام حق کی جنگ کی ایک سالہ تکمیل کی مناسبت سے شاندار اور باوقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مراد اشرف جنجوعہ، بریگیڈیئر طارق نعیم اطہر، سفارتخانے کے عہدیداران، ذوالفقار احمد میکسی، کاروباری رہنماؤں وقار احمد، شرفات علی، امیر خان کشمیری، عمر گجر، طلبہ اور برازیل میں مقیم بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز باقرالقرآن کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد قومی ترانے نے شرکاء میں وطن سے جڑے جذبات کو اجاگر کیا۔ تقریبات میں حق کی جنگ کے تاریخی پس منظر، ملک کی دفاعی کامیابیوں اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو اجاگر کیا گیا اور بتایا گیا کہ اسی یکجہتی اور عزم نے قوم کو مشکل اوقات میں مضبوط رکھا۔
سفیر مراد اشرف جنجوعہ نے خطاب میں کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی در حقیقت ملک کے حقیقی سفیر ہیں جو اپنے اخلاق، محنت اور کارکردگی کے ذریعے پاکستان کی مثبت تصویر دنیا بھر میں پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی قومی محافل بیرونِ ملک پاکستان کے ثقافتی اور تاریخی روابط کو تازہ رکھتی ہیں اور کمیونٹی کی شرکت اس یکجہتی کا واضح اظہار ہے۔
بریگیڈیئر طارق نعیم اطہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک افواج نے ہمیشہ قوم کی امنگوں کے مطابق دفاع اور سلامتی کو یقینی بنایا ہے اور شہداء کی قربانیاں قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ اُنہوں نے مسلح افواج اور عوام کے درمیان مضبوط ربط کو قوم کی حفاظت کی بنیاد قرار دیا۔
ذوالفقار احمد میکسی نے کہا کہ برازیل میں رہنے والے پاکستانی ہر قومی موقع پر اپنے وطن کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور حق کی جنگ کی یاد ہمیں اتحاد، قربانی اور عزم کی وہ تعلیم دیتی ہے جسے ہم نے کبھی نہیں بھلانا۔ انہوں نے کمیونٹی کی آئندہ فعال شراکت کا عزم بھی ظاہر کیا۔
تقریب کے دوران قومی ترانے اور علاقائی نغمات پیش کیے گئے جبکہ شرکاء نے جوش و جذبے کے ساتھ "پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگائے۔ امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور یہ عہد کیا گیا کہ بیرونِ ملک رہتے ہوئے بھی پاکستانیوں کے دل وطن کے ساتھ دھڑکتے رہیں گے۔
تقریب ایک خوشگوار اور محبّ الوطنی ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس کے بعد معزز مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جہاں کمیونٹی کے افراد نے آپس میں تبادلۂ خیال کیا اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا۔
