چیئرمین ایچ ای سی کی 6ویں انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کنونشن اینڈ ایکسپو کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد
اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین اور 6ویں انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کنونشن اینڈ ایکسپو کے سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے چار روزہ بین الاقوامی کنونشن کے کامیاب اختتام پر منتظمین، میزبان جامعات اور طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس ایونٹ کو تعلیمی سفارتکاری اور نوجوانوں کی شمولیت کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
کنونشن کے اختتام پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ وہ منتظمین، شریک جامعات اور طلبہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کنونشن کے سی ای او و بانی محمد مرتضیٰ نور کی وژنری قیادت اور انتھک محنت کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں نے اس پلیٹ فارم کو نوجوانوں کی شمولیت، تعلیمی تعاون اور جدت کے ایک نمایاں قومی فورم میں تبدیل کر دیا ہے۔
چیئرمین ایچ ای سی نے میزبان جامعات اور شراکت دار اداروں کے تعاون کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اس بامقصد اقدام کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتا ہے اور مستقبل میں بھی معیاری اعلیٰ تعلیم، طلبہ کے بااختیار کردار اور قومی ترقی کے فروغ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
کنونشن کی چھٹی ایڈیشن کی سرگرمیوں کی میزبانی قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، پی اے ایف آئی اے ایس ٹی ہری پور اور فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد نے مشترکہ طور پر کی۔ چار روزہ تقریب میں 34 سے زائد مقابلے، انوویشن اور ایجوکیشن ایکسپو، سیمینارز، ثقافتی پروگرامز اور لیڈرشپ ورکشاپس منعقد ہوئیں، جن میں 25 سے زائد ممالک کے طلبہ نے شرکت کی۔
بعد ازاں انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کنونشن اینڈ ایکسپو کی انتظامیہ نے بھی چیئرمین ایچ ای سی کی سرپرستی اور رہنمائی پر شکریہ ادا کیا۔ ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی قیادت نے اس کنونشن کو عالمی سطح پر ایک نمایاں تعلیمی پلیٹ فارم بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جبکہ اعلیٰ تعلیم کے بین الاقوامی معیار اور طلبہ کی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ان کا وژن قابلِ تحسین ہے۔
