آر ڈی اے کمپلیکس میں آٹھویں چھ ہفتہ تربیتی کورس کے شرکاء نے ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کا مطالعاتی دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کے عملی کاموں اور شہری ترقی کے منصوبوں پر تفصیلی آگاہی دی گئی۔ دورے کا مقصد افسران کو شہری خوبصورتی اور ماحولیاتی انتظام کے عملی پہلوؤں سے متعارف کروانا تھا تاکہ وہ مستقبل میں بہتر پالیسی سازی اور منصوبہ بندی کر سکیں۔ہارٹیکلچر ایجنسی کی جانب سے شرکاء کو شہر بھر میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں، گرین بیلٹس کی بحالی، پارکس کی تزئین و آرائش اور شجرکاری مہمات کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں اس امر پر زور دیا گیا کہ جدید شہری منصوبہ بندی کے تحت ماحولیاتی توازن برقرار رکھتے ہوئے عوام کو صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی مستقل اقدامات کر رہی ہے۔فضائل مدثر نے ادارے کی سمت اور اہداف واضح کرتے ہوئے کہا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی شہر کو سرسبز، صاف اور خوبصورت بنانے کے لیے مستقل کوشش کر رہی ہے اور مختلف جدید منصوبوں پر رفتار کے ساتھ عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبے نہ صرف شہر کی جمالیات میں اضافہ کریں گے بلکہ عوامی تفریح اور خوشگوار طرزِ زندگی کے مواقع بھی بڑھائیں گے۔ناصر ولایت لنگڑیال نے ادارے کے انتظامی اور مالیاتی نظام کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وسائل کے مؤثر استعمال، شفافیت اور بہتر گورننس کو یقینی بنا کر ترقیاتی منصوبوں کو وقت پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منصوبہ بندی اور مالی نظم و ضبط شہری ترقی کی ضمانت ہیں اور اسی حکمتِ عملی سے ہارٹیکلچر ایجنسی مستحکم نتائج دے رہی ہے۔دورے کے دوران شرکاء نے متعدد سوالات اٹھائے جن کے تسلی بخش جواب دیے گئے اور ہارٹیکلچر ایجنسی کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور عملی اقدامات کو سراہا گیا۔ شرکاء نے عہد کیا کہ وہ اپنے فرائض میں ان ماڈلز سے رہنمائی حاصل کریں گے تاکہ عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ ہارٹیکلچر ایجنسی نے اس قسم کے مطالعاتی دوروں کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی تاکہ سرکاری افسران کو عملی تجربات سے روشناس کرایا جا سکے اور بین الادارہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔
