نیروبی: سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والی معروف سرجیکل کمپنیوں ٹیکنی مین آغا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بلال حیدر آغا اور لانگ لائف سرجیکل کے سی ای او عرفان السام نے اپنے دورہ کینیا کے دوران نیروبی میں پاکستان ہائی کمیشن کا دورہ کیا۔
دونوں کمپنیوں نے کینیا کی مارکیٹ میں خصوصاً سرجیکل آلات کی برآمدات بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے ہائی کمشنر ابرا ر حسین خان اور کمرشل قونصلر عادیلہ یونس سے ملاقات کی، جس میں باہمی تجارتی مواقع اور کاروباری تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ کمپنیاں اپنی مدد آپ کے تحت میڈک ایکسپو کینیا میں شرکت کر رہی ہیں، جہاں پاکستانی سرجیکل مصنوعات کو عالمی خریداروں کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔
پاکستان افریقہ انسٹی ٹیوٹ برائے تجارتی ترقی (پی اے ایچ آئی سی) نیروبی نے بھی ان کمپنیوں کی معاونت کرتے ہوئے کینیا کے درآمد کنندگان کے ساتھ کاروباری روابط (بی ٹو بی) قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جس کا مقصد تجارتی تعلقات کو فروغ دینا اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔
