ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک اور راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا دیہی علاقوں میں مالی شمولیت کے فروغ کے لیے اشتراک
اسلام آباد، 18 مارچ 2026: ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو حقیقت میں بدلنے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر، راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (RUDA) اور ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک نے راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے دائرہ اختیار میں آنے والے 93 دیہات میں ڈیجیٹل مالی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کیے ہیں۔
مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب لاہور میں راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں اداروں کے درمیان تعاون کے ایک فریم ورک کا قیام عمل میں لایا گیا، جس کا مقصد رہائشیوں اور چھوٹے کاروباروں کے لیے برانچ لیس بینکنگ تک رسائی کو بہتر بنانا اور اس بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ ایم او یو پر دستخط ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے چیف بزنس آفیسر شہزاد خان اور راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لینڈ ایکوزیشن)بریگیڈیئر (ر) بختیار اکرم نے کیے۔
تقریب میں دیگر سینئر عہدیداران جن میں ایزی پیسہ کی جانب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، مرچنٹ بزنس بلال سعید خان اور ڈائریکٹر، مرچنٹ پیمنٹس عمر فراز انجم موجود تھے۔ جبکہ راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ڈائریکٹر، اسپیشل انیشی ایٹوز، سی ایس آر اینڈ ڈائیورسٹی فاطمہ علی خان، ڈائریکٹر، کلائمیٹ چینج احد یوسف، ڈپٹی ڈائریکٹر، اسپیشل انیشی ایٹوز سید معظم علی اور ڈپٹی ڈائریکٹر، پی آر رضا شاہد شریک ہوئے۔
اس اہم شراکت داری کے تحت، ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک اور RUDA وزیر اعظم کے کیش لیس پاکستان پروگرام پر مشترکہ طور پر کام کر یں گے ، جس کا مقصد راوی سٹی کو مکمل طور پر کیش لیس ماڈل شہری مرکز بنانا ہے۔ اس اقدام کے تحت شہر کے ڈیزائن میں ڈیجیٹل مالیاتی حل کو بنیادی حیثیت دی جائے گی تاکہ آغاذ سے ہی راوی سٹی ڈیجیٹل جدت، مالی شمولیت اور جدید طرز حکمرانی کی مثال بن سکے۔ رہائشی، تجارتی اور عوامی شعبوں میں کیش لیس انفراسٹرکچر اور خدمات کو شامل کر کے ایسا نظام قائم کیا جائے گا جہاں ڈیجیٹل لین دین معمول بن جائے، جس سے شفافیت، سہولت اور معاشی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے چیف بزنس آفیسر شہزاد خان نے کہا کہ اب ہر پانچواں پاکستانی ایزی پیسہ اکاؤنٹ رکھتاہے، ان کا کہنا تھا کہ روڈا کے 93 دیہات میں ڈیجیٹل مالی شمولیت کو فروغ دے کر ہم وزیر اعظم اور اسٹیٹ بینک کے کیش لیس معیشت کے وژن کے تحت عملی تبدیلی لا رہے ہیں اور ان کمیونٹیز کو ڈیجیٹل معیشت میں بھرپور شرکت کے قابل بنا رہے ہیں۔
بریگیڈیئر (ر) بختیار اکرم نے 93 دیہات کو جدید معاشی ماڈل کمیونٹیز میں تبدیل کرنے کے ہدف کا ذکر کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ RUDA ایک ایسے مستقبل کی تعمیر کے لیے کوشاں ہے جہاں ہر شہری ڈیجیٹل معیشت میں حصہ لے سکے، جو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف اور وزیر اعظم کے کیش لیس پاکستان کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔
59 ملین سے زائد رجسٹرڈ صارفین کے ساتھ اور ملک کے پہلے ڈیجیٹل بینک کے طور پر کمرشل آپریشنز شروع کرنے والا ایزی پیسہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جامع معاشی ترقی کے وژن کے مطابق کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ ادارہ اپنے موجودہ صارفین کے ساتھ ساتھ ان لاکھوں افراد تک بھی مالیاتی خدمات پہنچانے کے لیے پرعزم ہے جو اب تک بینکنگ سہولیات سے محروم یا محدود رسائی رکھتے ہیں۔
