پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی، تہذیب اور ثقافتی شناخت کے فروغ میں بنیادی ستون کا درجہ رکھتی ہیں اور ان کے بغیر ملکی ترقی مکمل نہیں ہو سکتی۔فرح ناز اکبر نے واضح کیا کہ پاکستان کی خواتین نہ صرف گھریلو ذمہ داریاں سر انجام دے رہی ہیں بلکہ تعلیم، سیاست، معیشت، فنون اور سماجی خدمات کے شعبوں میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔قومی ورثہ اور ثقافت کی حفاظت اور نئی نسل تک منتقل کرنے میں خواتین کا کردار خاص طور پر قابلِ تعریف ہے اور اسی سبب سے ہمیں اپنی روایت اور اقدار کو محفوظ رکھنے میں خواتین کی حمایت کو ترجیح دینی چاہیے۔ خواتین کا کردار ثقافتی بقا اور شناخت کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خاص توجہ دے رہی ہے تاکہ خواتین معاشرتی شراکت داری میں مزید فعال ہوں۔ مساوی مواقع فراہم کرنا ترقی یافتہ اور متوازن معاشرے کی بنیاد ہے اور اسی لیے پالیسی سازوں کو عملی اقدامات جاری رکھنے ہوں گے۔فرح ناز اکبر نے مزید کہا کہ اس میں اسلامی تعلیمات کا بھی موثر کردار ہے جو خواتین کو عزت، حقوق اور احترام کا درس دیتی ہیں اور ہمارا فرض ہے کہ ان اصولوں کو عملی طور پر نافذ کریں۔ آخر میں انہوں نے تمام پاکستانی خواتین کو خواتین کے عالمی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ، بااعتماد اور بااختیار خاتون مضبوط خاندان اور خوشحال معاشرے کی ضمانت ہے اور ہمیں ایک محفوظ، عزت دار اور بااختیار ماحول پیدا کرنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
