اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت میں معاملہ اٹھائے جانے کے بعد بیرونِ ملک سے تعلیم حاصل کرنے والے میڈیکل گریجویٹس کو فیس کی واپسی کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جسے نوجوان ڈاکٹروں اور فارن میڈیکل گریجویٹس نے خوش آئند قرار دیا ہے۔
سینیٹر ندیم احمد بھٹو نے کمیٹی کے اجلاس میں ان فارن میڈیکل گریجویٹس کی جانب سے جمع کرائی گئی فیس کی واپسی کا معاملہ اٹھایا تھا جس کے بعد پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے کمیٹی کی ہدایات کی روشنی میں فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ گریجویٹس کو رقم واپس کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ اس پیش رفت کے نتیجے میں متعدد گریجویٹس کو فیس کی واپسی ہو چکی ہے جس سے سینکڑوں نوجوان ڈاکٹروں کو ریلیف ملا ہے۔
فارن میڈیکل گریجویٹس کی برادری نے سینیٹر ندیم احمد بھٹو کی بروقت مداخلت اور نوجوان ڈاکٹروں کے مسائل اجاگر کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے میڈیکل کمیونٹی کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی قیادت خصوصاً صدر پی ایم ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج اور رجسٹرار بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر ریحان نقوی کی جانب سے بھی فوری اور ذمہ دارانہ اقدامات پر اظہارِ تشکر کیا گیا جنہوں نے کمیٹی کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے فیس واپسی کے عمل کو ممکن بنایا۔
فارن میڈیکل گریجویٹس کی جانب سے ڈاکٹر رافع شیر نے سینیٹر ندیم احمد بھٹو اور پی ایم ڈی سی کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پارلیمانی نمائندوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان اسی طرح تعاون جاری رہے گا تاکہ ملک بھر میں اہل طبی ماہرین کے لیے شفاف اور منصفانہ نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔
