اسلام آباد — اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (ICT-PEIRA) نے وفاقی دارالحکومت میں نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کے درست اور مصدقہ ریکارڈ کو یقینی بنانے کے لیے جامع انرولمنٹ ڈیٹا مہم اور ریگولرائزیشن ڈرائیو کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد وفاقی وزیر تعلیم کے “زیرو آؤٹ آف اسکول چلڈرن” مشن کی تکمیل میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس چیئرمین ICT-PEIRA ڈاکٹر غلام علی ملاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں نجی اسکولوں کے نمائندگان، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (FDE)، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (FBISE) اور اتھارٹی کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ اس مہم کا مقصد کسی قسم کی کارروائی یا دباؤ ڈالنا نہیں بلکہ شراکت داری، سہولت کاری اور درست ڈیٹا کے ذریعے تعلیمی منصوبہ بندی کو مضبوط بنانا ہے۔
ڈاکٹر غلام علی ملاہ نے کہا کہ مستند اور تصدیق شدہ انرولمنٹ ڈیٹا کی موجودگی اس بات کے تعین کے لیے ناگزیر ہے کہ اسلام آباد میں کتنے بچے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں اور کتنے بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یونین کونسل کی سطح پر ڈیٹا کا جائزہ لے کر ہر علاقے میں آؤٹ آف اسکول بچوں کی درست تعداد معلوم کی جا سکے گی اور اس کے مطابق ہدفی حکمت عملی تیار کی جائے گی تاکہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اتھارٹی کا مقصد نجی اسکولوں کے لیے مشکلات پیدا کرنا نہیں بلکہ مشترکہ طور پر نظام کو بہتر بنانا ہے۔ ان کے مطابق درست اعداد و شمار سے تعلیمی خلا کی نشاندہی ہوگی، پسماندہ علاقوں کو سپورٹ ملے گی اور دارالحکومت کو تعلیمی شمولیت کے حوالے سے ایک مثالی ضلع بنایا جا سکے گا۔
نجی تعلیمی اداروں کے نمائندگان کی درخواست پر ICT-PEIRA نے یکم مارچ سے 30 اپریل 2026 تک ایک مرتبہ کی عام معافی (ایمنسٹی) کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس مدت کے دوران وہ ادارے جن کی رجسٹریشن یا تجدید کے کیسز زیر التواء ہیں، بغیر کسی جرمانے کے اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔ اتھارٹی نے اسکول مالکان اور نمائندگان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں فعال اداروں کی تازہ فہرستیں فراہم کریں تاکہ ہر تعلیمی ادارہ ریگولیٹری اور معاونتی نظام کا حصہ بن سکے۔
چیئرمین ICT-PEIRA نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ مہم شفافیت کے فروغ، مؤثر منصوبہ بندی، تعلیمی رسائی میں بہتری اور مجموعی معیار تعلیم کے ارتقاء کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے اسلام آباد کو زیرو آؤٹ آف اسکول چلڈرن کے ہدف کے حصول میں کامیاب بنایا جائے گا۔
