راولپنڈی میں یومِ یکجہتیِ کشمیر کے موقع پر مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن راولپنڈی کی قیادت میں ایک بڑی طلبہ ریلی نکالی گئی جس میں طلبہ، نوجوان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مقبوضہ علاقے کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا عملی اظہار کیا۔شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر آزادی کشمیر، شہداء کو خراجِ تحسین اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی مکمل طور پر پرامن رہی اور شرکاء نے متحدہ انداز میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم کا نوٹس لے اور انسانی حقوق کی پامالی کے خاتمے کے لیے عملی قدم اٹھائے۔مقررین نے واضح کیا کہ کشمیر ایک زندہ مسئلہ ہے اور امتِ مسلمہ کی توجہ کا مرکز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کو ریاستی تشدد کا سامنا ہے اور دنیا کی انسانی حقوق تنظیمیں اور نام نہاد مہذب طاقتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، جس سے کشمیری عوام کی رنج و مرارت میں اضافہ ہوا ہے۔مقررین نے 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کے اقدامات کو صورتحال کو مزید سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کشمیری شناخت، آزادی اور بنیادی حقوق کو دبانے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آزادی کشمیر کا حق اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق تسلیم شدہ ہے اور اس حق کو دبایا نہیں جا سکتا۔ریلی کے دوران شہدائے کشمیر کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کے نوجوان اور طلبہ کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن راولپنڈی نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ بھی ہر فورم پر آزادی کشمیر کی آواز بلند کرتی رہے گی اور نوجوانوں میں مسئلۂ کشمیر کے بارے میں شعور پیدا کرتی رہے گی۔تقریب کے اختتام پر مقررین اور شرکاء نے ایک بار پھر عہد کیا کہ آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد جاری رہے گی اور دنیا کو کشمیریوں کی حالتِ زار کا احساس دلایا جائے گا۔ ناظم اطلاعات و نشریات مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن راولپنڈی سفیان عباسی نے شرکاء کے جذبے کو شاندار قرار دیا۔

#راولپنڈی
مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام "عزم آزادی کشمیر طلبہ ریلی” کا انعقاد
#msorwp #عزم_آزادی_کشمیر #5فروری
#msopunjab #MSOPAKISTAN