چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے جناح آڈیٹوریم بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی کی حلف برداری کے موقع پر کہا کہ پاکستان کا مستقبل اس بات پر منحصر ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو کتنی مؤثر اور معیاری تعلیم فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے جامعات کو اپنے علاقوں میں تعلیم، تحقیق، جدت اور سماجی ذمہ داری کے ادارے قرار دینے پر زور دیا۔قوموں کا عروج و زوال اساتذہ کی قوت سے وابستہ ہوتا ہے، چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ تعلیمی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے پیشہ ورانہ حقوق، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور فکری آزادی کو مضبوط بنانا لازمی ہے۔ انہوں نے اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز کے کردار کو تعلیمی معیار کی حفاظت اور فروغ میں اہم قرار دیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نصاب میں اصلاحات اور تعلیم کو جدید روزگار کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے جبکہ پاکستانی جامعات کو عالمی سطح کے اداروں کے ساتھ روابط مضبوط کرنے چاہئیں تاکہ تحقیق اور پیشہ ورانہ مہارت میں بہتری آ سکے۔ انہوں نے تعلیم پر سرمایہ کاری کو خرچ نہیں بلکہ طویل المدتی قومی ذمہ داری اور ریاستی ترجیح قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ نے جنوبی پنجاب میں معیاری تعلیم کے فروغ میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے کردار کو سراہا اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ شجاع آباد میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا جائے تاکہ شجاع آباد، جلالپور پیر والا، علی پور، لودھراں اور گرد و نواح کے طلبہ کو براہِ راست فائدہ مل سکے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب اس مطالبے کی جلد منظوری دیں گی۔انہوں نے یاد دلایا کہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی انیس سو پچھہتر میں سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں پارلیمانی ایکٹ کے ذریعے قائم کی گئی تھی اور اسی فیصلے کے تحت اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان بھی قائم ہوئیں، جو جنوبی علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ایک دوراندیش قومی اقدام تھا۔اپنے دورِ وزارتِ عظمیٰ دو ہزار آٹھ سے دو ہزار بارہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سخت معاشی اور سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود سرکاری جامعات کو مضبوط بنانے اور پسماندہ علاقوں میں اعلیٰ تعلیم تک رسائی بڑھانے کی بھرپور کوششیں کی گئیں۔ اسی عرصے میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کو ایک سو ڈاکٹریٹ اسکالرشپس فراہم کی گئیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی جامعہ بن چکی ہے اور ہزاروں طلبہ کو تعلیم فراہم کرتے ہوئے تدریس، تحقیق اور علاقائی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ وائس چانسلر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ڈاکٹر زبیر اقبال نے یونیورسٹی کی درجہ بندی میں بہتری اور جامع پانچ سالہ حکمتِ عملی پر روشنی ڈالی جبکہ صدر اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر بنیامین نے فیکلٹی کو درپیش مسائل اجاگر کرتے ہوئے ادارے کی بہتری کے لیے تعاون کا عزم ظاہر کیا اور چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔
