بلوچستان حکومت اور این بی پی نے سبسڈائز الیکٹرک اسکوٹر اسکیم کا آغاز کردیا
اسلام آباد: حکومت بلوچستان اور نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے طلبہ، ورکنگ ویمن اور عام شہریوں کو آسان اور سبسڈی اقساط پر الیکٹرک اسکوٹر فراہم کرنے کے لیے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد سفری سہولتوں کو بہتر بنانا اور ماحول دوست و پائیدار ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔
مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر میر صادق عمرانی، سینئر صوبائی عہدیداران اور این بی پی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔
وزیرِاعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس اقدام کو طلبہ اور ورکنگ ویمن کے لیے محفوظ، سستی اور باوقار سفری سہولت کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم نہ صرف روزمرہ کے سفری مشکلات میں کمی لائے گی بلکہ ماحول دوست ذرائع آمدورفت کو اپنانے کی حوصلہ افزائی بھی کرے گی، جس سے کم لاگت اور پائیدار سفری نظام کو فروغ ملے گا۔
عوامی فلاح کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے وزیرِاعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کے اقدامات شہریوں کی روزمرہ زندگی میں براہ راست بہتری لاتے ہیں، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بناتے ہیں اور بلوچستان کے جامع اور مساوی ترقی کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت ایسے منصوبے جاری رکھے گی جو عوام کے مفاد میں ہوں اور طویل المدتی معاشی و سماجی ترقی کے لیے سودمند ثابت ہوں۔
ختم شد۔
