کینیڈا کی 4 جامعات سے تحقیقی اشتراک شروع، دائرہ کار امریکہ اور یورپ تک بڑھائیں گے: وائس چانسلر
صنعت اور کسانوں کے مسائل کا حل ہماری تحقیق کا محور ہے، پوسٹ گریجویٹ ریسرچ کو عالمی معیار کا بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں: ڈاکٹر قمر الزمان
راولپنڈی۔ پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے کہا ہے کہ یونیورسٹی نے پوسٹ گریجویٹ ریسرچ کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کینیڈا کی 4 نمایاں یونیورسٹیوں کے ساتھ باقاعدہ تحقیقی اشتراک (Collaboration) شروع کر دیا ہے جبکہ جلد ہی امریکہ اور یورپی ممالک کی جامعات کے ساتھ بھی تعاون کا سلسلہ بڑھایا جائے گا۔ ہماری یونیورسٹی اب روایتی تحقیق سے آگے بڑھ کر صنعت اور کسانوں کو درپیش حقیقی مسائل کے حل پر مبنی ریسرچ کی طرف گامزن ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز کے زیرِ اہتمام پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے منعقدہ آگاہی و تعارفی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وائس چانسلر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تحقیق کو ملکی معیشت اور زراعت کی بہتری کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ "یونیورسٹی تحقیق کے فروغ، تربیت اور طلبہ کی رہنمائی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ بین الاقوامی تحقیقی تعاون پر مبنی لیکچر سیریز اسی سلسلے کی کڑی ہے جس سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ پاکستان کی علمی ساکھ بھی مستحکم ہوگی۔”
سیشن کا بنیادی مقصد طلبہ کی تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ اور انہیں یونیورسٹی کے تحقیقی ڈھانچے سے روشناس کرانا تھا۔ اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز کی جانب سے طلبہ کو تحقیقی عمل کے اہم اجزاء جیسے لٹریچر ریویو، میٹریل اینڈ میتھڈز، ڈیٹا اینالیسس اور لٹریچر سائیٹڈ پر خصوصی تربیت دی گئی۔
تقریب میں پوسٹ گریجویٹ ریسرچ ریویو اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی کی پریزنٹیشن پیش کی گئی اور طلبہ کو فروری 2026 میں منعقد ہونے والے "پوسٹر سیشن” کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ تحقیق میں اخلاقی اصولوں کی پاسداری اور کوالٹی ایشورنس کے سخت معیار ہمارے لیے ناگزیر ہیں۔ سیشن کے اختتام پر فیکلٹی اور طلبہ کے مابین سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں تحقیقی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز دی گئیں۔

Read in English: PMAS-AAUR Launches Research Collaboration with Canada
