راولپنڈی: شہید محترمہ بے نظیر بھٹو جمہوریت کے استحکام، عوامی حاکمیت، خواتین اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی حقیقی علمبردار تھیں۔ ان کی برسی اس امر کی متقاضی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریاتی، مخلص اور وفادار کارکنوں کو ان کا جائز مقام اور احترام دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز اتحاد کے سربراہ بنارس چوہدری، پیپلز لائرز فورم کے ڈویژنل صدر سید مسعود شاہ ایڈووکیٹ، پیپلز پارٹی جرمنی کے ترجمان امجد بٹ، ترجمان راجہ ظہیر اقبال، سابق سیکرٹری اطلاعات ناصر میر، چوہدری ناصر قیوم اور دیگر رہنماؤں نے لیاقت باغ میں جائے شہادت پر شہید بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں راجہ فیض اکبر، موٹر ڈیلرز کے چیئرمین اظہر خان، سابق کونسلر منیراللہ بٹ، سابق ناظم جہانگیر بٹ، سعید اختر پپا، فلک شیر لودھی، لیبر یونین کے راجہ عبدالمجید، جاوید خان، ملک سلیم اعوان، شیر افگن، حنیف اعوان، سید محسن رضا، ملک مظہر حسین، رانا شوکت، یاد میر خان، ملک ندیم اعوان، شیخ لیاقت، راجہ صادق، اظہر شاہ، کامران کریم، میاں الطاف بٹ، رفاقت علی قادری سمیت خواتین ونگ کی سابق ایم ایل اے شہزادی کوثر گیلانی، گلناز بادشاہ، کوثر الطاف، شبانہ الیاس اور انسا سلیم شامل تھیں۔
اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے جائے شہادت پر موم بتیاں روشن کیں اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ بعد ازاں شرکا نے کھڑے ہو کر شہید بے نظیر بھٹو کی جمہوریت کے فروغ، ملکی دفاع اور بنیادی انسانی حقوق کے لیے دی جانے والی تاریخی قربانیوں اور خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ شہید بی بی کے مشن کو ہر صورت پایۂ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
تقریب کے دوران شہید بے نظیر بھٹو اور لیاقت باغ سانحے میں شہید ہونے والے راولپنڈی شہر کے وارڈ کمیٹیوں کے عہدیداران اور کارکنان کی مغفرت کے لیے اجتماعی فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اختتام پر شرکا میں لنگر تقسیم کیا گیا، جبکہ ورکرز اتحاد کے سربراہ بنارس چوہدری نے تمام شرکا اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔
