اسلام آباد میں وفاقی بورڈ برائے انٹرمیڈیٹ و سیکنڈری تعلیم کے زیر اہتمام جاری سالانہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضیات کے ہفتے کی اختتامی تقریب آج منعقد ہوئی جس میں مہمانِ خصوصی وفاقی سیکرٹری برائے وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت جناب ندیم محبوب تھے۔مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں نوجوان طلبہ کو بھرپور حوصلہ افزائی کی اور اپنے زمانۂ طالبِ علمی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا مستقبل باصلاحیت، محنتی اور تخلیقی سوچ رکھنے والے نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے چیئرمین وفاقی بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک اور ان کی ٹیم کو سائنسی سرگرمیوں کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ ایسے مقابلے طلبہ کی عملی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔اختتامی روز ججز نے ریاضیات، طبیعیات، کیمسٹری، حیاتیات اور کمپیوٹر سائنس کے تحت پیش کیے گئے پروجیکٹس میں سے بہترین منصوبے منتخب کیے اور شاندار کارکردگی پر منصوبوں کو اول، دوم اور سوم پوزیشنوں پر نوازا۔ اس موقع پر ججز کی ٹیم نے تکنیکی مہارت، مسئلے کے حل اور تخلیقی نقطۂ نظر کو ترجیح دی۔تقریب میں تلاوتِ قرآن پاک، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ، ملی نغمے اور اردو و انگریزی تقاریر کے مقابلوں میں بھی شرکت رہی۔ مختلف مدارج میں شریک تقریباً پانچ سو سے زائد طلبہ و طالبات نے اپنی مہارتیں اور تحقیقی منصوبوں کے نتائج پیش کیے جس سے سائنسی سرگرمیوں کا مقصد بخوبی ظاہر ہوا۔تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر ٹیسٹ ڈویلپمنٹ مرزا علی نے کامیاب طلبہ و طالبات میں اعزازی سرٹیفیکیٹ اور انعامی چیکس تقسیم کیے۔ منتظمین نے کہا کہ ایسے پروگرامز تعلیمی ماحول کو تقویت دیتے ہیں اور طلبہ کو عملی تجربہ فراہم کر کے ان کی قابلیت میں اضافہ کرتے ہیں۔شرکاء اور اساتذہ نے بھی سائنسی سرگرمیوں کی افادیت کا اظہار کیا اور آئندہ ایسی مقابلوں کی مستقل رہنمائی اور تعاون پر زور دیا گیا تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتیں مزید پروان چڑھ سکیں۔
