وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ایران، عراق اور شام کی زیارات کے لیے مجاز 24 زیارت گروپ آرگنائزرز (ZGOs) کو سرٹیفکیٹس تقسیم کیے ہیں تاکہ زائرین کے سفر، رہائش، خوراک اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر اور شفاف بنایا جا سکے۔
اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور کی جانب سے منعقدہ تقریب میں سردار محمد یوسف نے نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمپنیاں زائرین کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کی پابند ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے زیارت پالیسی کے نفاذ کا عمل شروع کر دیا ہے اور جلد ہی پرانا سالار سسٹم مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ مستقبل میں زائرین ایران، عراق اور شام کے لیے صرف رجسٹرڈ گروپ آرگنائزرز کے ذریعے ہی سفر کر سکیں گے۔ اس نئے نظام کے تحت زائرین کو محفوظ اور شفاف طریقہ کار کے ساتھ بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر نے تمام نئے رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان کمپنیوں کا مقصد زائرین کو محفوظ سفر اور بہترین سہولیات تک رسائی دینا ہے۔ انہوں نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت مذہبی امور کو اب تک 1,413 کمپنیاں رجسٹریشن کے لیے درخواستیں دے چکی ہیں جن میں سے 585 کمپنیوں کو سیکورٹی کلیئرنس مل چکی ہے۔ پہلی مرحلے میں 24 کمپنیوں کو مطلوبہ دستاویزات مکمل کرنے کے بعد رجسٹریشن کے اہل قرار دیا گیا ہے، جبکہ دیگر کمپنیوں کو دستاویزات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے بعد انہیں بھی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے۔
اس تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، جوائنٹ سیکرٹری زیارات احمد ندیم خان، جوائنٹ سیکرٹری انتظامیہ صاحبزادہ، جوائنٹ سیکرٹری ڈویلپمنٹ محمد بخش سانگی، ڈپٹی سیکرٹری ناصر عزیز خان اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔
