اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم (UNODC) نے نیشنل کاونٹر ٹیررازم اتھارٹی (NACTA) اور یورپی یونین پاکستان کے اشتراک سے نوجوانوں کی قیادت اور امن کے فروغ کے لئے ایک اہم ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس چار روزہ ورکشاپ میں ملک بھر سے منتخب چالیس نوجوان رہنماؤں کو امن کے قیام کے لیے بہتر ابلاغ اور کہانی کہنے کی مہارتیں سکھائی گئیں۔
ورکشاپ میں نوجوانوں کو معاشرتی مسائل سے نمٹنے کے لیے ابلاغ کی طاقت کو استعمال کرنے، اپنے نظریات کو مؤثر طریقے سے پیش کرنے اور دوسروں کی بات سننے کی ترغیب دی گئی۔ شرکاء کو نفسیاتی معاونت اور دماغی صحت کے حوالے سے مختلف ٹولز مہیا کیے گئے، جن سے وہ اپنے اور دوسروں کے ذہنی دباؤ کو بہتر انداز میں سمجھ اور سنبھال سکیں۔
کہانی سنانے اور اظہار رائے کی خصوصی تربیت نے نوجوانوں کو یہ سیکھنے میں مدد دی کہ کیسے اپنی جدوجہد، خیالات اور عزائم کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لاسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ، ورکشاپ کے دوران نوجوانوں نے خودمختار امن مشنز ڈیزائن کرنے کی عملی مشق بھی کی، جس سے ان کے قائدانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار آیا۔
ورکشاپ کے اختتام پر نوجوانوں کو اس بات کی ترغیب دی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امن اور باہمی رواداری کے پیغام کو عام کریں اور اپنی کمیونٹی کے اندر تبدیلی کے نمائندے بنیں۔ اس موقع پر منتظمین نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے نوجوان اگلے دور کے پر امن رہنماؤں کے طور پر سامنے آئیں گے اور معاشرے میں مضبوطی پیدا کریں گے۔
