یوسف گیلانی نے نجی ایئر لائن کے آغاز کی حمایت کی

newsdesk
4 Min Read
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں نجی ایئر لائن کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا اور چھوٹے شہروں کی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں نجی ایئر لائن کے آغاز کے اعلان کی تقریب میں کہا کہ پاکستان کی اصل بنیاد اس کے چھوٹے شہروں اور پسماندہ علاقوں میں ہے اور وہ جنوبی پنجاب سمیت ملک کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے اس موقع پر اس نئے منصوبے کو علاقائی رابطوں، معاشی شمولیت اور بہتر سفری سہولتوں کی طرف ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام چھوٹے شہروں تک رسائی کو بہتر کرے گا اور مقامی تجارت، تعلیم اور صحت تک عوامی رسائی میں واضح بہتری لائے گا۔چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ نجی ایئر لائن کے قیام سے وہ خطے جو برسوں سے ترقی کے منتظر رہے، اب ملکی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل ہونے لگیں گے اور یہ اقدام قومی یکجہتی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس او ایس گروپ کنور طارق کی قیادت کو سراہا اور اس منصوبے کی عملی شکل دینے پر ستائش کی۔ ساتھ ہی انہوں نے ساؤتھ ایئر کی سربراہ نشاط فاطمہ کو اس تاریخی قیادت پر مبارکباد دی کہ پہلی بار کسی فضائی کمپنی کی اعلیٰ قیادت ایک خاتون کے پاس ہے، جسے انہوں نے پیشہ ورانہ قابلیت اور انتظامی بصیرت کا ثبوت قرار دیا۔چیئرمین نے ریٹائرڈ ایئر وائس مارشل اعجاز محمود ملک کے پیشہ ورانہ کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا جنہوں نے اپنی وسیع تجربے کی بدولت منصوبے کو اعتماد بخش سمت دی۔ انہوں نے بتایا کہ ساؤتھ ایئر کی پہلی پرواز بہت جلد کراچی سے ملتان کے لئے اڑان بھرے گی اور آہستہ آہستہ ملک کے دیگر حصوں تک فضائی رابطے مضبوط کیے جائیں گے۔ملتان کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ شہر صرف جنوبی پنجاب کا مرکز نہیں بلکہ تہذیب اور خدمت کا گہوارہ ہے اور ملتان سے اس منصوبے کا آغاز علاقے کے اعتماد اور ترقی کی خواہش کا مظہر ہے۔ انہوں نے عوام اور کاروباری طبقات کو یقین دلایا کہ ان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کی کاوشیں جاری رہیں گی۔تقریب میں وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر رانا قاسم نون، سابق سینیٹر ثنا جمالی، سابق رکن صوبائی اسمبلی سید احمد مجتبیٰ گیلانی، رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر، معروف اداکارہ فریال گوہر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کنور طارق، کنور شاہد، سربراہ ساؤتھ ایئر نشاط فاطمہ، ریٹائرڈ ایئر وائس مارشل اعجاز محمود ملک، صدر چیمبر آف کامرس ملتان بختاور تنویر شیخ اور دیگر سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔انہوں نے آخر میں دعا کی کہ ساؤتھ ایئر کا یہ سفر کامیاب اور ہر پرواز محفوظ ہو تاکہ یہ ادارہ عوام کی سہولت اور ملک کی خدمت کا ذریعہ بنے اور ملک کے داخلی روابط اور معاشی سرگرمیوں میں مثبت تبدیلی لائے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے