وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بھارت کی پانچ اگست 2019 کی یکطرفہ کارروائی کو شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ دن مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر جاری ظلم، انسانی حقوق کی پامالی اور جمہوری حقوق سے محرومی کی تلخ یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ جب تک کشمیریوں کو اقوام متحدہ کے وعدے کے مطابق حق خودارادیت نہیں مل جاتا، پاکستان ہر سطح پر ان کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
اورنگزیب خان کھچی نے کشمیری عوام کی ہمت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سنجیدہ نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کشمیری عوام کی تہذیب، زبان اور روایات کے تحفظ اور فروغ کے لیے سرگرم ہے تاکہ ان کی تاریخی وراثت اور مزاحمتی جدوجہد کو زندہ رکھا جا سکے۔
