ویمنز پارلیمانی کاکس کی ورکنگ کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور خواتین کو ماحولیاتی تبدیلی سے ہونے والے نقصانات سے محفوظ رکھنے پر زور دیا گیا۔ اجلاس کی صدارت سیکریٹری ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کی، جبکہ ارکان نے قدرتی آفات میں کمزور طبقات کی مدد کے عزم کو دہرایا۔
اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے جامع منصوبہ بندی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ سیلابوں اور موسمیاتی آفات میں خواتین کو درپیش خطرات کو کم کرنے کے لیے انہیں ماحول دوست منصوبوں کی تیاری اور نفاذ میں زیادہ فعال کردار دینا ضروری ہے۔ انہوں نے خواتین کی شمولیت سے نہ صرف مؤثر نتائج حاصل ہونے کی امید ظاہر کی بلکہ اس سے پالیسیوں میں وسعت اور جامعیت بھی آئے گی۔
اجلاس میں ایک اہم انتطامی فیصلہ بھی کیا گیا، جس کے تحت قانونی اصلاحات اور قانون سازی کا جائزہ لینے والی ذیلی کمیٹی کی چیئرپرسن میں تبدیلی کی گئی۔ اس عہدے پر اب محترمہ صوفیہ سعید شاہ کو تعینات کیا گیا ہے، جو اس اہم شعبے میں نئی قیادت فراہم کریں گی۔
ویمنز پارلیمانی کاکس خواتین کے حقوق اور ان کی قیادت کے فروغ کے لیے پالیسی سازی میں سنجیدہ اقدامات جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے، تاکہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور قانون سازی کے عمل میں بھی خواتین کا کردار مضبوط ہو سکے۔
