برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (FCDO) میں پاکستان کے لیے ڈپٹی ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر محترمہ ہینریئٹا ہیملٹن نے FCDO اور UNFPA پاکستان کی معاونت سے قائم ہونے والا نیا خواتین تحفظ مرکز کا دورہ کیا اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل کلثوم ساقب سے ملاقات کی، جس میں AAWAZ II پروگرام کے تحت متاثرینِ تشدد کے لیے حفاظتی نظام کو مضبوط بنانے اور انصاف تک رسائی کو یقینی بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے دوران محترمہ ہینریئٹا ہیملٹن نے نئے قائم کیے گئے خواتین تحفظ مرکز کے انفرااسٹرکچر اور فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس مرکز کی منظوری اور عملدرآمد میں FCDO اور UNFPA پاکستان کی مشترکہ معاونت پر زور دیا گیا اور اسے متاثرینِ تشدد کو حفاظتی امداد فراہم کرنے کے ایک اہم ادارے کے طور پر پیش کیا گیا۔
ملاقات میں کلثوم ساقب نے AAWAZ II پروگرام کے تحت چلائی جانے والی مختلف مداخلتوں، حفاظتی نظام کی مضبوطی اور انصاف تک رسائی کے میکانزم پر تفصیلی گفتگو کی۔ دونوں فریقین نے متاثرین کے لیے شواہد پر مبنی سسٹمز، بین ادارہ جاتی تعاون اور مقامی سطح پر سروِسز کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں اداروں نے شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور AAWAZ II پروگرام کے تحت اقدامات کی وسعت و نفاذ میں تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا، تاکہ متاثرہ خواتین اور لڑکیوں کو بروقت تحفظ اور انصاف مہیا کیا جا سکے۔
