آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں دنیا کی سب سے بڑی اور طاقتور سپر بیٹری "وراتا” نے کام کرنا شروع کر دیا ہے، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ بیک وقت دس لاکھ گھروں کو بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس بیٹری کی استعداد 850 میگاواٹ ہے، جب کہ اس میں بجلی محفوظ کرنے کی گنجائش 1690 میگاواٹ-گھنٹے ہے۔
حکام کے مطابق وراتا بیٹری بجلی کی فراہمی میں کسی بھی ہنگامی صورت حال یا تعطل کی صورت میں فوری متبادل کے طور پر کام کرے گی۔ اگر علاقے میں کسی بجلی گھر یا پاور پلانٹ کی سپلائی منقطع ہو جائے، یا بجلی کی مین لائن میں کوئی فنی خرابی پیش آئے، تو یہ بیٹری صرف چند سیکنڈ میں ایک ساتھ لاکھوں گھروں کو بجلی فراہم کرنا شروع کر دے گی۔
وراتا سپر بیٹری نہ صرف بجلی کو ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہو گی بلکہ اسے پورے بجلی نظام کے استحکام کے لیے بھی نصب کیا گیا ہے۔ اس بیٹری کی مدد سے بجلی کے نظام میں آنے والے جھٹکوں کو جذب کیا جا سکے گا تاکہ بلیک آؤٹس اور اچانک بجلی کی بندش سے بچا جا سکے، اور صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ یہ منصوبہ آسٹریلیا میں توانائی کے شعبے میں بڑا سنگ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
