وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ اکرم کا یونین کونسل راول ٹاؤن مارگلہ ٹاؤن کے سرکاری اسکولوں کا تفصیلی دورہ، اسکولوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی مشاورت سے وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ اکرم نے یونین کونسل راول ٹاؤن مارگلہ ٹاؤن میں مصروف دن گزارا، جہاں انہوں نے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کا تفصیلی دورہ کیا اور تعلیم، سہولیات اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل کا جائزہ لیا۔
وزیرِ مملکت وجیہہ اکرم نے سابق چیئرمین یونین کونسل سید ظہیر احمد شاہ اور ڈائریکٹر ایجوکیشن کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول راول ڈیم، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول راول ٹاؤن اور گورنمنٹ گرلز اسکول مارگلہ ٹاؤن کا معائنہ کیا۔
بوائز ہائی اسکول پہنچنے پر پرنسپل ڈاکٹر شام کمار، ہیڈ ماسٹر چوہدری ساجد، اساتذہ اور طلبہ نے وزیرِ مملکت کا پُرتپاک استقبال کیا۔ طلبہ نے پھولوں کے گلدستے پیش کیے جبکہ وزیرِ مملکت نے اسکول کے ہائی اور پرائمری سیکشنز کا دورہ کیا۔
وزیرِ مملکت نے سید ظہیر احمد شاہ، پرنسپل ڈاکٹر شام کمار اور اساتذہ کے ہمراہ طلبہ کے ساتھ شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔ اس موقع پر سید ظہیر احمد شاہ اور پرنسپل ڈاکٹر شام کمار نے اسکول کے مسائل تفصیل سے بیان کیے، جن میں کھیل کے میدان کی بحالی، صفائی کے لیے ٹریکٹر، منی اسپورٹس کمپلیکس، چاردیواری، سیکیورٹی نظام، واٹر فلٹریشن پلانٹ، واٹر کولر، ملٹی پرپز ہال، سائنس کلب، اسکول بس، پارکنگ، رنگ و روغن اور نیا مین گیٹ شامل تھے۔
وجیہہ اکرم نے ان تمام مسائل کے حل کے لیے ڈائریکٹر جنرل تعلیم اور ڈائریکٹر تعلیم کو فوری احکامات جاری کیے۔ بعد ازاں انہوں نے سابق چیئرمین یونین کونسل سید ظہیر احمد شاہ کے ہمراہ گرلز اسکول راول ٹاؤن کا بھی دورہ کیا، جہاں پرنسپل میڈم رضوانہ قادر نے اسکول کی طالبات کے ہمراہ وزیرِ مملکت کا خیرمقدم کیا۔ وزیرِ مملکت نے پرنسپل، اساتذہ اور طلبات کے ساتھ شجر کاری کی اور اسکول کے جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔
وزیرِ مملکت نے بعد ازاں سابق چیئرمین سید ظہیر احمد شاہ، امیدوار برائے وائس چیئرمین راجہ انعام باسر اور دیگر بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ گرلز اسکول مارگلہ ٹاؤن کا دورہ کیا، جہاں پرنسپل شمائلہ اور طالبات نے شاندار استقبال کیا۔ وزیرِ مملکت نے اسکول کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور طلبہ کے ساتھ پودا لگایا۔
دورے کے اختتام پر سید ظہیر احمد شاہ نے مارگلہ ٹاؤن بوائز ماڈل کالج کی کئی برس سے زیرِ تعمیر عمارت کے التواء پر توجہ دلائی۔ اس پر وزیرِ مملکت وجیہہ اکرم خود موقع پر گئیں اور کالج کے پلاٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تعمیراتی رکاوٹیں فوری طور پر دور کر کے کام ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔
وزیرِ مملکت وجیہہ اکرم نے اپنے دورے کے آخر میں کہا کہ یونین کونسل راول ٹاؤن مارگلہ ٹاؤن کے تمام سرکاری اسکولوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
دورے کے دوران سید ظہیر احمد شاہ کے ہمراہ راجہ انعام باسر، چوہدری ناصر، فرزانہ کوثر، راجہ محبوب الٰہی، راجہ نوید احمد، چوہدری محمد یامین، ملک محمد سلیم، فرحت ستی، مہدی حسن خان، مقبول شاہ، سعید اکبر خان، ملک محمد افضل، قدیر جنجوعہ، راجہ جنید، کامران پرویز، شیخ رویل، راجہ عدنان اور دیگر مسلم لیگ (ن) کے رہنما و کارکنان بھی موجود تھے۔
TikTok: https://www.tiktok.com/@islamabadmail/video/7564860144031403271
