اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے اشتراک اور سفارتخانہ ڈنمارک کی مدد سے اسپورٹس مینوئل پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس تربیتی سیشن کا مقصد اساتذہ اور کمیونٹی لیڈرز کو ایسے عملی ہنر فراہم کرنا تھا جن کی مدد سے وہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کر سکیں، معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دے سکیں اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف ان کی مزاحمتی صلاحیت کو مضبوط بنا سکیں۔
تین روزہ تربیت میں شرکاء کو خصوصی اسپورٹس مینوئل کے ذریعے رہنمائی فراہم کی گئی تاکہ وہ مقامی سطح پر نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے منفی رجحانات سے دور رکھ سکیں۔ اس پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے افراد آگے چل کر اپنی کمیونٹی میں اسی مشن کے تحت آگاہی اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں گے۔
یہ منصوبہ سفارتخانہ ڈنمارک کے تعاون سے شروع کردہ ایس پی آر ای (SPRE) پروجیکٹ کا حصہ ہے، جس کا بنیادی مقصد پاکستان میں امن، برداشت اور معاشرتی شمولیت کو کھیلوں کے فروغ کے ذریعے مضبوط کرنا ہے۔ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف نوجوان نسل کو صحت مند مواقع ملتے ہیں بلکہ معاشرے میں انتہاپسندی کے رجحانات کو روکنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
