یونین کونسل اکتیس میں گیس پائپ لائنوں میں پانی کا مسئلہ

newsdesk
2 Min Read
یونین کونسل اکتیس کے رہائشی گیس پائپ لائنوں میں پانی کے باعث روزمرہ زندگی متاثر ہونے کی شکایت کر رہے ہیں، محکمہ سوئی گیس کارروائی کرے

راولپنڈی کے یونین کونسل اکتیس کے رہائشی کئی سال سے گیس پائپ لائن میں مسلسل پانی آنے کی وجہ سے مشکل حالات میں ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ صبح سویرے گیس پائپ لائن سے پانی نکالے بغیر گیس دستیاب نہیں ہوتی اور یہ عمل روزانہ کا معمول بن چکا ہے۔مقامی رہنماء ظہیر احمد اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پرانی گیس پائپ لائنوں میں پانی کی شکایات پر محکمہ سوئی گیس نے گلیوں کی کھدائی کر کے نئی پائپ لائنیں بچھائیں مگر نئی گیس پائپ لائن میں بھی پانی آنے کا سلسلہ برقرار ہے۔ اس صورتحال نے شہریوں کی روز مرہ زندگی متاثر کر رکھی ہے۔رہائشیوں کا کہنا ہے کہ گیس پائپ لائن میں پانی کے باعث کھانے پکانے، حرارت اور دیگر گھریلو امور متاثر ہو رہے ہیں جس سے مالی نقصان اور شدید پریشانی پیدا ہوئی ہے۔ صبح جب تک پانی مکمل طور پر خارج نہ ہو، گیس کا استعمال ممکن نہیں ہوتا اور اس سے وقت اور وسائل ضائع ہوتے ہیں۔ظہیر احمد اعوان نے بتایا کہ اہلِ علاقہ نے متعدد مرتبہ محکمہ سوئی گیس کے دفتر میں تحریری شکایات جمع کروائیں مگر محکمے کی جانب سے کوئی مؤثر اور مستقل حل نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسئلہ فوری حل نہ ہوا تو علاقے کے مرد، خواتین، بچے اور بزرگ سوئی گیس دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔اہلیانِ علاقہ نے وفاقی وزیر توانائی اور ایم ڈی سوئی گیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذاتی طور پر اس گیس پائپ لائن کے مسئلے کا نوٹس لیں اور فوری اقدامات کر کے شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کریں۔ مقامی رہنماؤں نے بتایا کہ مستقل حل نہ ملنے کی صورت میں عوامی احتجاج اور مزید اقدامات کے امکانات مضبوط ہیں۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے