یونیسف کی نمائندہ برائے پاکستان پرنیلے آئرن سائیڈ نے اپنے پہلے دورہ بلوچستان کے دوران وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی سے ملاقات کی اور بچوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
پرنیلے آئرن سائیڈ نے کوئٹہ میں جاری انسداد پولیو مہم کے دوران صحت کارکنان کے ہمراہ شرکت کی اور ذاتی طور پر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ اس اقدام کا مقصد بچوں کو اس قابل علاج اور قابل تدارک بیماری سے محفوظ بنانا ہے، جو یونیسف کے مشن کا اہم حصہ ہے۔
اس موقع پر صوبے میں پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا اور متعلقہ اداروں کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ یونیسف اور صوبائی حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بچوں کی صحت اور مستقبل کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
