یونائیٹڈ نیشنز نے اپنے قیام کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر ہیڈ کوارٹر میں ایک نئی نمائش کا انعقاد کیا ہے، جہاں وزیٹرز کو ادارے کی بنیاد رکھنے والی اقدار اور موجودہ مشن پر غور کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ اس نمائش میں اقوام متحدہ کے اصل چارٹر کو عوامی نمائش کے لیے رکھا گیا ہے، جو اس وقت امریکی نیشنل آرکائیوز سے عاریتاً حاصل کیا گیا ہے، جبکہ 1945 کے سان فرانسسکو کانفرنس کی یادگار تصاویر بھی نمایاں ہیں۔
نمائش کے ذریعے اقوام متحدہ کے ان مقاصد کو اجاگر کیا گیا ہے جن میں امن، وقار اور عالمی تعاون سرِفہرست ہیں، اور جو گزشتہ آٹھ دہائیوں سے تنظیم کی رہنمائی کرتے آرہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی طرف سے اس اقدام کا مقصد نیئر نسل کو ادارے کی اہمیت اور اس کے قیام کی وجوہات سے روشناس کرانا ہے۔ وزیٹرز نہ صرف تاریخی دستاویزات کو قریب سے دیکھ سکتے ہیں بلکہ عالمی تاریخ کے اہم لمحات کا بھی مشاہدہ کر سکتے ہیں، جنہوں نے دنیا میں امن اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
