ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات اور اس کی کمپنیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس کا مقصد یو اے ای کے ساتھ سرمایہ کاری بڑھانے اور دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے عملی اقدامات کرنا تھا۔
اجلاس میں وزارتِ خزانہ، وزارتِ توانائی، وزارتِ پیٹرولیم، وزارتِ اقتصادی امور، وزارتِ خارجہ، وزارتِ نجکاری، پنجاب انرجی ڈیپارٹمنٹ، فوجی فاؤنڈیشن، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل اور اٹارنی جنرل کے دفتر کے سینیئر نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اہم شعبوں کی نشاندہی، موجودہ رکاوٹوں کے حل اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی رابطے کے فروغ پر تفصیل سے گفتگو ہوئی، تاکہ سرمایہ کاری کے عمل میں تیزی لائی جا سکے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان طویل المدتی معاشی شراکت داری اور بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں سرمایہ کاری کی بھرپور صلاحیت موجود ہے اور ان کوششوں سے دونوں ممالک کو اقتصادی اعتبار سے فائدہ پہنچے گا۔
