وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن نے پاکستان میں ٹک ٹاک کے نئے اسٹیم فیچر کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں اور جدید تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔ اس اقدام سے ملک کی نوجوان نسل کو ٹیکنالوجی پر مبنی مستقبل کے لیے تیار کرنے میں مدد ملے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل بااختیاری کے عزم پر قائم ہے اور ٹک ٹاک کا اسٹیم مواد پاکستان کے ٹیکنالوجی سے جڑے مستقبل کے وژن سے مکمل ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں عالمی پلیٹ فارمز کے ذریعے جدید مواقع فراہم کرنا ہے۔
ٹک ٹاک پر متعارف کرایا گیا اسٹیم فیچر نوجوانوں کے لیے تعلیم کو دلچسپ، آسان اور متاثر کن بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے نوجوانوں میں جستجو اور تخلیقی سوچ ابھاری جائے گی، تاکہ وہ ڈیجیٹل دور کی تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔
پاکستان میں لاکھوں صارفین رکھنے والے ٹک ٹاک اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے باہمی اشتراک سے نہ صرف تعلیمی مواد کو فروغ ملے گا بلکہ ملک میں ڈیجیٹل نظام کو بھی تقویت ملے گی۔
وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ شراکت داری محض مواد کی تخلیق تک محدود نہیں، بلکہ یہ قوم کی تعمیر کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ ہم سب مل کر ایک ذہین اور ڈیجیٹل مہارتوں سے لیس پاکستان کی تشکیل کر رہے ہیں۔
