اسلام آباد: او آئی سی کامسٹیک نے یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز کے اشتراک سے تھرپارکر، سندھ میں زچہ و بچہ کی صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ایڈوانسڈ مڈوائفری کلینیکل اسکلز ٹریننگ پروگرام کے آغاز کا اعلان کر دیا۔
یہ تربیتی پروگرام خصوصی طور پر تھرپارکر کی خواتین امیدواروں کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، بالخصوص تعلقہ چھاچھرو اور ڈاہلی سے تعلق رکھنے والی مستند دائیوں اور وہ امیدواران جنہوں نے مڈوائفری کورسز کے آخری امتحانات دیے ہیں۔ یہ پروگرام انڈس میڈیکل کالج اسپتال، ٹنڈو محمد خان میں منعقد کیا جائے گا اور اس کا آغاز اپریل کے وسط سے ہو کر مئی 2026 کے اختتام تک جاری رہے گا۔
یہ مکمل طور پر فنڈڈ پروگرام ہے جس میں ٹیوشن فیس، رہائش اور کھانے کے اخراجات شامل ہیں، جو پسماندہ علاقوں میں صلاحیت سازی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔
تربیت کے بنیادی مقاصد میں محفوظ زچگی کے طریقہ کار میں کلینیکل مہارتوں کو بہتر بنانا، ہنگامی زچہ و بچہ نگہداشت کو مضبوط کرنا، کمیونٹی سطح پر ماں اور بچے کی صحت سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا، اور غذائیت و ہنگامی ردعمل کے شعبوں میں استعداد کار بڑھانا شامل ہے۔
یہ اقدام تھرپارکر کے علاقے چھاچھرو میں منعقدہ دو روزہ میڈیکل کیمپ کے بعد اٹھایا گیا ہے، جہاں ماہر زچہ و بچہ نگہداشت فراہم کرنے والوں کی فوری ضرورت کی نشاندہی کی گئی تھی۔
اس موقع پر او آئی سی کامسٹیک کے رابطہ کار جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ تھرپارکر جیسے پسماندہ علاقوں میں ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنانا ادارے کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام حالیہ میڈیکل کیمپ کے دوران مقامی سطح پر ہونے والے مشاہدات کا براہ راست نتیجہ ہے۔ مقامی دائیوں کو جدید طبی مہارتوں سے آراستہ کر کے محفوظ زچگی کو یقینی بنانا، شرح اموات میں کمی لانا اور کمیونٹیز کو بااختیار بنانا اس پروگرام کا مقصد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زچگی کے بعد ذہنی صحت، خصوصاً بعد از زچگی ڈپریشن، کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا بھی نہایت اہم ہے، جو اکثر دور دراز علاقوں میں نظر انداز ہو جاتا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے طبی عملے کو اس حوالے سے حساس بنایا جائے گا تاکہ ماؤں کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ او آئی سی کامسٹیک ملک کے قومی اداروں کے ساتھ مل کر ایسے مؤثر اقدامات کو پاکستان اور دیگر رکن ممالک کے پسماندہ علاقوں تک وسعت دیتا رہے گا۔
