ٹیکسٹائل اور لیدر ڈویژن ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے "نیٹ زیرو، سرکولیریٹی اور یورپی یونین گرین ڈیل ان ٹیکسٹائلز” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا۔ اس سیمینار میں ملکی و غیر ملکی ماہرین اور صنعت کے رہنماؤں نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی پائیداری، عالمی تقاضوں کے مطابق تبدیلیوں اور ماحول دوست اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی۔
سیمینار کے دوران پالیسی سازوں، ماہرین ماحولیات اور صنعتکاروں نے مشترکہ مستقبل کے لیے نیٹ زیرو اہداف کے حصول، سرکلر ایکانومی کو اپنانے اور یورپی یونین کے ماحولیاتی قوانین سے ہم آہنگی کے عملی راستوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر ایاز الدین نے ٹیکسٹائل سیکٹر میں نیٹ زیرو اور سرکولیریٹی کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے جدید حکمت عملیاں پیش کیں۔ عدیل یونس نے لیدر انڈسٹری میں پائیداری بڑھانے کے اقدامات پر روشنی ڈالی اور حسن شفقات نے پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مستقبل اور آگے بڑھنے والے اقدامات بیان کیے۔
مقررین کا مشترکہ پیغام یہ تھا کہ پائیداری اب صرف ایک انتخاب نہیں بلکہ عالمی منڈی میں مقابلہ جات کے لیے بنیادی ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے جدت، سبز سپلائی چین اور صنعت کاروں کے درمیان بھرپور تعاون کو روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیا۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل اور لیدر انڈسٹری کو بین الاقوامی رجحانات کے مطابق ڈھالنے اور ماحولیاتی معیارات پورے کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔
