اساتذہ قوم کے مستقبل کے معمار

newsdesk
2 Min Read
پروفیسر احسن اقبال نے اساتذہ کو قوم کا ستون قرار دے کر تعلیم، تحقیق اور انسانی سرمایہ کاری کو اُڑان پاکستان ویژن کا اہم حصہ بتایا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے گلوبل ایجوکیشن کانفرنس و انٹرنیشنل اسکول ایوارڈز میں کہا کہ قوموں کی تعمیر میں سب سے بڑا کردار اُن اساتذہ کا ہے جو علم کے چراغ جلا کر ذہنوں کو روشنی دیتے اور نسلوں کو کردار و وژن عطا کرتے ہیں۔

وزیر نے واضح کیا کہ اساتذہ صرف تعلیمی نظام کا ایک حصہ نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کے معمار ہیں۔ تعلیم وہ قوت ہے جو معاشی استحکام، سماجی انصاف اور ترقی کے دروازے کھولتی ہے اور اسی وجہ سے اساتذہ کی جامع تربیت اور وقار کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ اگر پاکستان پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھے اور تعلیم کو اولین ترجیح دے تو ہم ایک دہائی کے اندر ترقی یافتہ اقوام کی صف میں خود کو دیکھ سکتے ہیں۔ حکومت ‘اُڑان پاکستان’ ویژن کے تحت تعلیم، تحقیق اور انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری کو قومی ترقی کی اساس بنا رہی ہے۔

وزیر نے اساتذہ کے وقار، تربیت اور کردار کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر کامیاب فرد کے پیچھے ایک استاد کی محنت اور رہنمائی شامل ہوتی ہے، یہی روشن چہرے پاکستان کے مستقبل کو سنوارتے ہیں اور معاشرتی ترقی کی بنیاد بنتے ہیں۔

کانفرنس میں شرکاء کو یہ بھی باور کرایا گیا کہ اساتذہ کی قدر افزائی، مستقل تربیتی پروگرام اور معیاری تعلیمی پالیسیاں ملک کی ترقی کے لیے لازمی اقدامات ہیں۔ آج کے دن ہمیں اُن اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے جو علم، ہنر اور روشنی کے ذریعے قوم کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے