ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے چیف ایگزیکٹو، فیض احمد نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن (پی آئی ایف ڈی) کا دورہ کیا، جس کا مقصد ڈیزائن اور ای کامرس کے مشترکہ پراجیکٹ پر باہمی تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔ اس موقع پر شعبہ ٹیکسٹائل و لیدر کے اراکین بھی ان کے ہمراہ تھے، جبکہ وائس چانسلر طیبہ حنا خلیل اور فیکلٹی نے مہمانوں کا پرجوش استقبال کیا۔
دورے کے دوران پی آئی ایف ڈی میں "ڈیزائن و ای کامرس سنٹر” کے 24 کروڑ 18 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کے ای ڈی ایف پراجیکٹ پر خصوصی پریزنٹیشن دی گئی۔ اس منصوبے کا مقصد نوجوان ڈیزائنرز میں کاروباری سوچ کو فروغ دینا، انہیں جدید ٹولز سے لیس کرنا اور پائیدار ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
فیض احمد نے اس موقع پر پی آئی ایف ڈی کے ساتھ ٹی ڈی اے پی کے مضبوط تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ملکی صنعت میں ویلیو ایڈیشن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بطور تجارتی مرکز عالمی ساکھ میں نمایاں بہتری آئی ہے اور سینٹرل ایشیا کے ساتھ ہمارا رابطہ اور تعاون بھی بڑھ رہا ہے۔
دورے کے اختتام پر یادگاری شیلڈز کا تبادلہ ہوا، جو دونوں اداروں کے درمیان مستقبل میں شراکت داری کے تسلسل کی علامت ہے۔
